ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعلیٰ کے ذریعہ سیاسی بصیرت کا مظاہرہ،اعلیٰ کمان کے فیصلے پر پابند رہنے وزراء سے درخواست

وزیر اعلیٰ کے ذریعہ سیاسی بصیرت کا مظاہرہ،اعلیٰ کمان کے فیصلے پر پابند رہنے وزراء سے درخواست

Thu, 16 Jun 2016 11:08:44  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔15؍جون(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں آج منعقدہ وزارتی کونسل میں وزیر اعلیٰ نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کابینہ کی از سر نو تشکیل کا نہ صرف اشارہ بلکہ وزراء سے درخواست کی کہ وہ اعلیٰ کمان کے فیصلے کے پابند رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی از سر نوتشکیل سے متعلق اعلیٰ کمان کے ذریعہ کسی بھی وقت فیصلے کا اعلان ہوسکتا ہے۔ ایسے میں وزراء کو ذہنی طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے تمام وزراء سے تعاون کی گذارش بھی کی ۔جس کے ساتھ ہی کابینہ کی از سر نو تشکیل کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔اجلاس میں موجود تمام افسران کو باہر بھیجنے کے بعد وزیراعلیٰ نے وزراء سے بات چیت کی۔ اور بتایاکہ اعلیٰ کمان نے آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظر کابینہ کی از سرنو تشکیل کا فیصلہ لیاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر انہوں نے کسی پر دباؤ ڈالا ہے اور نہ ہی اس معاملے میں مداخلت کی ہے۔جو بھی ہوگا اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق ہوگا۔ اس موقع پر تقریباً گیارہ وزراء نے پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اعلیٰ کمان کے فیصلے پر پابند رہنے کا تیقن دیا۔ جبکہ دیگر وزراء نے اس معاملے میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزراء کے تاثرات حاصل کرنے کے بعد کسی بھی وقت وزیراعلیٰ سدرامیا اعلیٰ کمان سے ملاقات کیلئے دہلی روانہ ہوسکتے ہیں۔ ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے کے بہانے طلب کردہ وزارتی کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کابینہ کی از سر نوتشکیل پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ افسران کی موجودگی میں تقریباً 12 موضوعات پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔ اور وزراء سے درخواست کی کہ وہ ان کا تعاون کریں اور کسی بھی طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار رہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ 17جو ن کو سدرامیا اور وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نئی دہلی میں اے آئی سی سی سربراہ سونیا گاندھی ، اے آئی سی سی نائب صدر راہول گاندھی اور دیگر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے نئی کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلہ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق کاگوڈ تمپا ، رمیش کمار، ایچ وائی میٹی ،ایم کرشنپا،نریندرا سوامی ، پریانک کھرگے ، بسوراج رایا ریڈی، اگرپا سمیت دیگر قائدین کو وزارت میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس کے دوران ایک مرحلے میں سدرامیا نے وزراء کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے انہیں الوداع کہا۔ اور کسی بھی طرح کی قربانی دینے تیاررہنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایاکہ اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق ہی اس عمل کو پورا کیا جائے گا۔ فی الحال اے آئی سی سی سربراہ سونیاگاندھی شملہ میں موجود ہیں۔ اور کل دہلی لوٹنے کے بعد ایک دن قیام کریں گی۔ اس کے بعد دوبارہ وہ امریکہ کے دورہ پر روانہ ہوجائیں گی۔ اور پندرہ دنوں تک امریکہ میں قیام کریں گی۔ اگر دو دنوں میں اعلیٰ کمان سے ملاقات کرکے منظوری حاصل نہیں کی گئی تو یہ معاملہ مزید چند دنوں تک ٹل سکتاہے۔ اگر ایسا ہوا تو لیجسلیچر اجلاس ختم ہونے کے بعد کابینہ کی از سرنو تشکیل کا عمل پورا کیا جائے گا۔ اس دوران ریاستی وزراء آر وی دیش پانڈے ، ایچ کے پاٹل ، سرینواس پرساد، ایچ آنجنیا اور پی ٹی پرمیشور نائک نے اعلیٰ کمان اور وزیراعلیٰ کے فیصلے پر پابند رہنے کااعلان کیا، جبکہ وزیر برائے باغبانی شامنور شیوشنکرپا نے واضح طور پر بتایا کہ کابینہ کی از سر نوتشکیل صرف افواہ ہے، نہ ہی کسی کو بے دخل کیاجائے گا اور نہ ہی کسی نئے چہرے کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق کابینہ کی از سر نو تشکیل وزیراعلیٰ کے اختیار میں ہے۔


Share: